پنجاب بھر میں آلو کی فصل پر لیٹ بلائیٹ بیماری کا حملہ، کاشتکار پریشان

01-10-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں آلو کی فصل پر لیٹ بلائیٹ بیماری کا حملہ شروع ہو گیا جس کے باعث کاشتکار پریشانی کا شکار ہیں۔

پنجاب بھر میں 1 لاکھ سے زائد ایکڑ رقبے پر آلو کاشت کیا گیا ہے لیکن آلو کی فصل پر لیٹ بلائیٹ بیماری کے حملے سے پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے جس سے کسان پریشان ہیں ۔  زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ متاثرہ فصل کو ذخیرہ کرنے کی بجائے تلف کر دیا جائے تاکہ بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محکمہ زراعت کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے مختلف علاقوں سے آلو کی فصل پر لیٹ بلائیٹ یعنی آلو پچھیتا یا جھلساؤ کا حملہ ہونا شروع ہو گیا ہے کسان زمین کو نمی سے محفوظ رکھیں اور موثر پیسٹی سائیڈز کی سپرے کا استعمال کریں جس سے فصل کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ محکمہ زراعت نے کسانوں کو بیماری سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر دینا شروع کر دی ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے ۔