موسم سرما کی تعطیلات ختم، پنجاب بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھل گئے

01-10-2024

(لاہور نیوز) موسم سرما کی تعطیلات کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھل گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے ساتھ بچوں کی موجیں بھی ختم ہو گئیں، صوبے بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 25 دن بعد آج دوبارہ کھل گئے ہیں، تعلیمی اداروں میں حاضری معمول سے کم رہی، کچھ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی تعداد بھی عام معمول سے کم تھی۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ایک دو روز میں حاضری معمول پر آجائے گی۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے 16 دسمبر سے 31 دسمبر 2023ء تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا تاہم موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تعطیلات میں 9 جنوری 2024ء تک اضافہ کیا گیا۔ تعطیلات ختم ہونے کے باوجود سردی کی شدت میں کمی نہ آنے پر صوبائی حکومت کی جانب سے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے گئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 10 سے 22 جنوری تک تمام سکول صبح ساڑھے 9 سے دوپہر اڑھائی بجے تک کھلیں گے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے سردی سے بچنے کیلئے بچوں کو گرم ملبوسات پہننے کی ہدایت بھی کی ہے۔