سرکاری سکیم کے تحت 21 ہزار سے زائد حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کی تیاریاں

01-09-2024

(ویب ڈیسک) سرکاری سکیم کے تحت 21 ہزار سے زائد حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کی تیاریاں کر لی گئیں۔

سرکاری حج سکیم کے تحت درخواست دینے والے سوا 5 ہزار پاکستانیوں کو حج پر نہیں بھجوایا جائے گا، ریگولر حج سکیم کے تحت 5 ہزار 6 سو 33 درخواست دہندہ حج سے محروم رہ جائیں گے، آئندہ برس کے لئے حج قرعہ اندازی میں 5 ہزار 633 درخواست دہندہ ناکام قرار پائے تھے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ریگولر سکیم کے عازمین حج کو ایڈجسٹ کرنے کی بجائے رقم واپس کر دی گئی، سرکاری سپانسر شپ حج سکیم میں 25 ہزار کے کوٹے پر صرف 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، 21 ہزار سے زائد خالی رہ جانے والا کوٹہ سعودی عرب کو واپس کیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سپانسر شپ سکیم میں توقع سے کم ڈالر موصول ہوئے، حکومت ریگولر سکیم کے تحت 5 ہزار 633 عازمین حج کے لئے ڈالر دینے پر تیار نہیں، ریگولر حج سکیم میں 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، ریگولر کوٹہ کی قرعہ اندازی میں 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج منتخب ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5633 درخواست گزاروں کو دس لاکھ 65 ہزار اور دس لاکھ 75 ہزار روپے واپس کئے گئے۔