امید ہے بلے کا نشان واپس مل جائے گا: گوہر علی خان

01-09-2024

(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ امید ہے بلے کا نشان واپس مل جائے گا، ہم عدالت کے ہر فیصلے کو قبول کریں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے پانچ گھنٹے سماعت کی، بدھ کو باقی فریقین کو سنا جائے گا، امید ہے بدھ کو فیصلہ بھی آجائے گا۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے ایک آرڈر چیلنج کیا تھا، اگر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آتا ہے تو سپریم کورٹ کیس کی پھر ضرورت نہیں، کسی پارٹی کیساتھ ابھی کوئی اتحاد نہیں، وکلاء کا بھی حصہ ہے ان کو بھی ٹکٹ دیں گے۔ رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور ہمارے دلائل مکمل ہو گئے ہیں، ہمارا مقصد ملک کو آگے لے کر جانا ہے، جس کو ٹکٹ ملے گا وہی الیکشن لڑے گا باقی اس کے حق میں دستبردار ہوں گے۔