پاکستان کے نوجوان سپنر سفیان مقیم کے گھٹنے کا آپریشن

01-09-2024

(ویب ڈیسک) لیفٹ آرم سپنر سفیان مقیم کا پیر کی شام لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں بائیں گھٹنے کا آپریشن ہوا ہے، 24 سالہ سفیان نے گزشتہ سال چین کے شہر ہانگزو میں منعقدہ ایشین گیمز میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

سفیان کو آپریشن کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا اور آج  نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈاکٹر سہیل سلیم کی سربراہی میں پی سی بی کے میڈیکل پینل نے ان کا معائنہ کیا۔ سرجن تین دن بعد ان کا دوبارہ معائنہ کریں گے اور پی سی بی کی میڈیکل ٹیم اسی کے مطابق ان کی بحالی کا پلان بنائے گی۔ پی سی بی نے سفیان مقیم کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کیے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کو سپورٹ کرے گا۔  ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے  کہ  سفیان کامیاب آپریشن  کے بعد اچھی سپرٹ میں ہیں ، سرجری سے قبل سفیان نے ٹرینرز اور میڈیکل پینل کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تین ہفتوں کی پری ری ہیب میں حصہ لیا تھا۔ پی سی بی کی میڈیکل ٹیم سفیان کی صحت یابی کی پیش رفت کی نگرانی کرتی رہے گی اور انہیں کرکٹ دوبارہ شروع کرنے کے لیے فٹ کرنے کے سلسلے میں مکمل  مدد فراہم کرے گی۔