نواز شریف کے حق میں ریلی: اہلکاروں پر تشدد کرنیوالے ملزموں کی حاضری معافی منظور
01-09-2024
(لاہور نیوز) نواز شریف کے حق میں ریلی میں پولیس اہلکاروں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں عدالت نے ملزموں کی ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا منظور کر لی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے نواز شریف کے حق میں ریلی میں پولیس اہلکاروں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ کی سماعت کی۔ عدالت نے لیگی رہنما ملک سیف کھوکھر، ملک افضل کھوکھر ، شفیع کھوکھر اور عرفان شفیع کھوکھر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملک سیف کھوکھر ، ملک افضل کھوکھر الیکشن مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ شریک ملزمان فیصل اشرف کھوکھر اور شہباز کھوکھر عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو دلائل کے لئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا اور کیس پر مزید سماعت 13 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن پولیس نے 2018 میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔