پاک فوج کی جانب منعقدہ والی بال چیمپئن شپ اختتام پذیر، پشاور کی ٹیم فاتح قرار

01-09-2024

(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت اور پاک فوج کی جانب سے انٹر ریجنل والی بال چیمپئن شپ وٹیلنٹ ہنٹ کے دلچسپ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے، مقابلوں کی اختتامی تقریب میں کمانڈر پشاور کور مہمان خصوصی تھے۔

خیبر پختونخوا حکومت اور پاک فوج کی جانب سے 5 روزہ انٹر ریجنل والی بال چیمپئن شپ وٹیلنٹ ہنٹ آج اختتام پذیر ہوا۔ ایونٹ میں خیبرپختونخوا کی مختلف علاقائی 8 ٹیموں نے شرکت کی۔ پشاور کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ فائنل میچ کے سنسنی خیز مقابلے میں پشاور کی ٹیم نے بنوں کی ٹیم کو تین کے مقابلے میں 2 پوائنٹ سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور بہترین میچ نے شائقین کے دل جیت لیے۔  میچ دیکھنے کےلیے بڑی تعداد میں سکول کے بچے اور لوگوں نے شرکت کی، کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی پر شائقین نے خوب داد دی۔ خیبر پختونخوا کے اعلیٰ انتظامی افسران سمیت عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور نے کھیل کے اختتام پر جیتنے والی اور رنراپ ٹیموں کو کیش انعامات، میڈلز اور ٹرافی دی۔ ایوانٹ کا انعقاد کورکمانڈر پشاور کی خصوصی ہدایت کیا گیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 20 کھلاڑی انتخاب کرکے 3 ٹیموں انڈر 16، انڈر 18 اور انڈر 21 میں بھیجے جائیں گے۔ پاک فوج کی جانب سے منتخب شدہ کھلاڑیوں کو کوالیفائیڈ کوچز سے ٹریننگ دی جائے گی۔ منتخب کھلاڑیوں کو پاکستان آرمی کی طرف سے ماہانہ 45 ہزار روپے چھ ماہ تک دیئے جائیں گے جبکہ کیمپ کے بعد نیشنل چیمپئن شپ تک ماہانہ 15 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا حکومت اور پاکستان فوج کی اِن کاوشوں کا مقصد ملکی حالات میں مثبت تبدیلی لانا اور کھیلوں کے میدان کی رونقیں بحال کرنا ہے۔ شرکاء نے خیبر پختونخوا حکومت اور پاک فوج کی جانب سے اقدامات کو ایک صحت مند معاشرے کی جانب یقینا اہم پیش رفت قرار دیا۔جس سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم ہوں گے۔