فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیلیں خارج

01-09-2024

(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو بڑا سیاسی جھٹکا لگ گیا، لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بینچ کے الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیلیں مسترد کردیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی این اے 60 اور 61 جہلم سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی اپیلیں مسترد ہوگئیں۔ الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کیخلاف تمام اعتراضات کو درست قرار دیا اور ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عدالت نے کہا کہ فواد چوہدری نے اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے، انہوں نے بیان حلفی بھی نہیں دیا اور منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات بھی چھپائے۔ فواد چوہدری انتخابی میدان سے آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ ان کی اہلیہ حبا چوہدری پہلے ہی نااہل ہوچکی ہیں۔ وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ لارجر بینچ میں چیلنج کریں گے۔ دوسری جانب سوات میں بھی الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی اپیل خارج کرتے ہوئے کاغذات مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ مراد سعید کا مختیار نامہ توثیق شدہ نہیں ہے اور وہ خود بھی پیش نہیں ہوئے۔ مراد سعید نے این اے 3 اور این اے4 سے کاغذات جمع کروائے تھے۔