ارطغرل نے مجھے ویڈیو کال کی ،مصروفیت کے سبب اٹھا نہ سکی: انوشے اشرف
01-09-2024
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ انوشے اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ارطغرل غازی کے ہیرو اور معروف ترک اداکار انگین آلتان نے انہیں ویڈیو کال کی لیکن وہ مصروفیت کے باعث اٹھا نہیں پائیں۔
اداکارہ انوشے اشرف حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان نے اداکارہ سے کچھ دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی۔ دوران گفتگو اداکارہ انوشے اشرف نے بتایا کہ میرے ایک بہت اچھے دوست مراد استنبول میں مقیم ہیں، مراد ترک اداکار انگین آلتان کے بھی بہت اچھے دوست ہیں اور ان کے پڑوسی بھی ہیں، میں نے مراد کو کہا تھا کہ ارطغرل پاکستان کے بہت بڑے سٹار ہیں ان سے ملنے کیلئے لوگ بے تاب ہیں آپ ان سے میری بھی ایک ملاقات کروا دیں یا میری بات کروا دیں۔ اداکارہ کے مطابق مراد نے عید کے دن مجھے ارطغرل سے کال کروائی لیکن میں یوگا اور میڈیٹیشن کی کلاس لے رہی تھی جس کی وجہ میں کال ریسیو نہیں کرپائی اور جب میں نے اپنا سیل فون دیکھا تو مجھے ان کی کال اور ایک چھوٹی سی ویڈیو ملی جس میں انہوں نے مجھے ہیلو ہائے کے بعد بتایا تھا میں نے آپ کو کال کی تھی لیکن آپ نے ریسیو نہیں کی، اس کے بعد میں نے بہت برا محسوس کیا اور کال نہ اٹھانے کا افسوس بھی رہا۔ اداکارہ نے بتایا کہ جب باہر سے ہمارے دوست بھی پاکستان آتے ہیں تو ہم بھی انہیں فواد خان اور ہمایوں سعید سے ملواتے ہیں۔