15 فروری تک بھل صفائی کے پہلے 2 فیز مکمل ہوجائینگے: محسن نقوی
01-09-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھل صفائی پورے پنجاب میں ہورہی ہے، 15 فروری تک بھل صفائی کے پہلے 2 فیز مکمل ہوجائیں گے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بھل صفائی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھل صفائی کی اصل افادیت کسان جانتا ہے، شہریوں کو اس کا اندازہ نہیں، گاؤں کے لوگوں کو ہر سال انتظار ہوتا ہے کہ بھل صفائی کب ہوگی، ہم 5ہزارکلومیٹر نہروں کی مرمت کریں گے، بھل صفائی کی مانیٹرنگ سسٹم میں لمز کی مدد لی ہے، ہم رات کو سیٹلائٹ سسٹم سے صفائی کو دیکھیں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ جو ہم لمز کی مدد حاصل کررہے ہیں اس سے چور بازاری میں کمی آئے گی، اس وقت لاہور کی پوری نہر میں گندگی بھری پڑی ہے، شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ہر چیز حکومت نہیں کرسکتی، عوام کو اپنے آپ کو خود ٹھیک کرنا ہوگا،ورنہ کوئی فائدہ نہیں، نہروں میں گندگی شہری ڈالتے ہیں،ہمیں خود احساس کرنا ہوگا، شکایت ملی ہے کہ لاہور کی نہر میں 5جگہوں پر ڈرین کا پانی آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈی سیز ،اے سیز اور متعلقہ افسران بھل صفائی کی مانیٹرنگ کریں گے، بہت ساری نہروں کو مرمت کرنے کی ضرورت ہے، ہم 26ہزار الیکٹرک بائیک اور رکشے بھی لوگوں کو دینے جارہے ہیں۔