پولیس نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈال دی

01-09-2024

(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتاری ڈال دی گئی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی، جج ملک اعجاز آصف نے مقدمات کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، تمام 12 مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے، تھانہ آر اے بازار پولیس نے عدالت کو بانی پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا۔ دوران سماعت تھانہ آر اے بازار پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی، روبکار میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے، کسی دوسرے مقدمے میں نامزد نہیں تو رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈز ریفرنسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔