وزیراعلیٰ پنجاب کا قذافی سٹیڈیم میں 8 ڈرائیونگ ٹیسٹ سنٹرز کے قیام کا اعلان

01-09-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم میں کار ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لئے آج ہی 8 سنٹرز قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا ، انہوں نے خدمت مرکز کے باہر موجود کار ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا۔ شہریوں نے کار ڈرائیونگ ٹیسٹ  میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں جس پر وزیراعلیٰ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ خدمت مرکز میں کار ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت کے ساتھ قذافی سٹیڈیم میں بھی مزید 8 سنٹرز بنائے جائیں گے،رش کے خاتمے کے لئے مزید سنٹرز کا قیام فی الفور عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کو اس ضمن میں فوری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے شہریوں سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے عمل اور وقت کے بارے پوچھا، ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے آئے  شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے  موقع پر ہی حل کے لیے احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لئے مزید سنٹرز کے اعلان کو  شہریوں نے سراہا اور محسن نقوی زندہ باد کے نعرے لگائے۔