جویریہ روف نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

01-08-2024

(ویب ڈیسک)قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی جویریہ روف نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔

کرکٹ ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے بیان میں جویریہ روف کا کہنا تھا کہ پرانی یادوں اور شکریہ کے جذبات کے ساتھ میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہی ہوں۔ یہ اتار چڑھاؤ کے ساتھ ایک اچھا سفر رہا ہے۔ میں اپنے ملک کی اعلیٰ ترین سطح پر نمائندگی کرنا ایک اعزاز سمجھتی ہوں اور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکر گزار ہوں جس نے مجھے یہ تمام مواقع فراہم کیے۔ واضح رہے کہ جویریہ روف نے 2013 سے 2021 کے درمیان چار ون ڈے اور 13 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔جویریہ رؤف نے 2012 میں آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقا کے خلاف ٹی20 کیریئر کا آغاز کیا جبکہ انہوں نے اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 2013 میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ خاتون کرکٹر نے 2011 میں اپنے کیریئر کی ابتدا کی تھی اور 12 برس پر محیط  کیریئر میں انہوں نے مختلف ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ لیا۔