بلدیہ عظمٰی لاہور کی سروے رپورٹ سے سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات غائب
01-08-2024
(لاہور نیوز) بلدیہ عظمٰی لاہور کی سروے رپورٹ سے سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات غائب ہیں۔ شہر میں صرف 181 غیر قانونی تعمیرات ہونے کی رپورٹ جمع کروائی گئی۔
شہر کی 7 ہزار 7 سو 39 رہائشی جبکہ کمرشل تعمیرات کے 1 ہزار 2 سو 18 نقشے جمع ہوئے۔ مجموعی طور پر 8 ہزار 9 سو 57 میں سے 7 ہزار 1 سو 97 نقشے منظور کئے گئے۔ سال 2023 میں 7 سو 25 تعمیرات غیر قانونی ہونے کی رپورٹ جاری کی گئی۔ 2024 کے پہلے روز 181 غیر قانونی تعمیرات کی سرکاری رپورٹ میں نشاندہی کی گئی۔ واہگہ زون میں 317 ، داتا گنج بخش زون میں 49 عمارتیں غیر قانونی قرار، علامہ اقبال زون میں 20 ،عزیز بھٹی زون میں 48 عمارتیں غیر قانونی قرار، گلبرگ زون 39 ، نشتر زون 41 عمارتیں غیرقانونی قرار، راوی زون میں 46 اور سمن آباد زون میں 130 عمارتیں غیرقانونی قرار دی گئیں اور شالامار زون میں 27 عمارتیں غیر قانونی تعمیرات میں شامل ہیں۔ ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر نے نو زونز کے افسران کو سات روز میں آپریشن کرنے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔ تین روز باقی ہیں جبکہ 181 غیر قانونی تعمیرات میں سے صرف 5 کیخلاف کارروائی ہو سکی ہے۔ ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر کا کہنا ہے شہر کے مختلف علاقوں میں کمرشل، رہائشی اور انڈسٹریل تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے، غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن میں حصہ نہ لینے پر چیف کارپوریشن آفیسر اقبال فرید نے زونل آفیسر ارم الطاف کو نوٹس جاری کر کے تین روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔