جماعت اسلامی کا منشور عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے: لیاقت بلوچ

01-07-2024

(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کا منشور عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے۔

چیئرمین الیکشن سیل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی زیر صدارت انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری الیکشن سیل ڈاکٹر فرید پراچہ، رشید احمد ،حافظ سیف الرحمٰن، فرحان ہنجرا، عمران ظہور، غازی ایازعمر ،عنایت الرحمٰن اور ظفرنکیانہ شریک  ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے امیدوار قومی اسمبلی کی 231 نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں،پنجاب اسمبلی سے 278 ،کے پی کے اسمبلی سے 107،سندھ اسمبلی سے 100  جبکہ بلوچستان اسمبلی سے 40 نشستوں پرامیدوار انتخابات کے میدان میں اتررہے ہیں، جماعت اسلامی کے امیدوار ملک بھر میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا واضح مؤقف ہے 8فروری کو انتخابات منعقد ہونے چاہئیں، سابق حکمران عوام کا سامنا کرنے سےخوفزدہ نظر آرہے ہیں،برسراقتدار پارٹیوں کے عوام دشمن اقدامات عوام سے رابطے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی انتخابی میدان میں نظر نہیں آرہی۔