محسن نقوی کی راولپنڈی سیف سٹی پراجیکٹ 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت

01-07-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی سیف سٹی اور نیو سی پی او آفس پراجیکٹس 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی میں سیف سٹی اور نیو سی پی او آفس پراجیکٹس کا دورہ کیا اور دونوں پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ نے دونوں منصوبوں کی تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے دونوں پراجیکٹس پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور برق رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی،  انہوں نے سی پی او راولپنڈی کو دونوں  پراجیکٹس کا روزانہ دورہ کرنے اور پیش رفت کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پرآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا کہ کیمروں کی تنصیب کا 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، بجلی سپلائی اور نیٹ ورکنگ کیلئے روڈ کی کٹنگ کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ منصوبوں کے سول ورکس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، کیبلز اور کیمروں کی تنصیب کے لیے ابھی سے پلاننگ کی جائے اور سول ورکس مکمل ہوتے ہی کام شروع کر دیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ محنت کے ساتھ دن رات کام کریں، منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل مشن ہونا چاہیے،  پہلے مرحلے میں راولپنڈی کے 92 مقامات پر سکیورٹی کیمرے نصب ہونگے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی منصوبے سے کرائم کنٹرول اور ٹریفک مینجمنٹ میں مدد ملے گی، نیو سی پی او آفس کا سٹرکچر تیار ہے، ٹائل ورک فوری شروع کیا جائے۔