سابق وزیر میاں اسلم اقبال کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی

01-07-2024

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔

کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے پی پی 171 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ ایپلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل منظور کرلی۔ یاد رہے کہ ریٹرننگ افسر نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 171 سے میاں اسلم کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ ایپلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کے لاہور کے حلقہ این اے 129 اور پارٹی کارکن صنم جاوید کے حلقہ این اے 119، 120 اور پی پی 150 سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کر دی ہے۔ دوسری جانب حلقہ پی پی 171 سے میاں اظہر اور حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے، اس کے علاوہ این اے 166 سے کنول شوزب کے کاغذات نامزدگی منظور  کر لئے گئے۔ سینیٹر اورنگزیب کے این اے 36 اور پی کے 94 سے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے۔ واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ 10 جنوری تک جاری رہے گا۔