پنجاب میں اراضی کی منتقلی کے لئے ای رجسٹریشن کا نظام متعارف

01-06-2024

(لاہور نیوز) پنجاب میں اراضی کی منتقلی کے لئے ای رجسٹریشن کا نظام متعارف کروا دیا گیا۔ اراضی کی رجسٹریشن کا روایتی نظام ختم ہو گیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈی اے پلازہ کشمیر روڈ پر پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے اراضی منتقلی کے لئے آئے شہریوں سے ای رجسٹریشن نظام کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں کی سہولت کے لئے فیس کی آن لائن ادائیگی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ ای رجسٹریشن ماڈل سینٹر میں راوی ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے سب رجسٹرارز کے دفاتر منتقل کئے گئے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا عوام کو اراضی منتقلی کے لئے اب دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی اور کرپشن کا خاتمہ ہو گا، پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ای رجسٹریشن سینٹرز بنائے جائیں گے، پورے پنجاب میں اب کہیں بھی مینوئل رجسٹری نہیں ہو رہی، پورے پنجاب میں گیارہ ای رجسٹری سینٹر بنائے جا رہے ہیں، کسی کی تنقید سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیوں کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے رائیونڈ اور شالیمار میں دو مزید ای رجسٹریشن سینٹرز 31 جنوری تک مکمل کرنے کا حکم بھی دیا۔  نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن نظام کے اجراء پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، انتظامیہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔