خشک سردی کے باعث موسمی امراض میں اضافہ
01-06-2024
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں کڑاکے کی سردی نے سب کچھ ٹھٹھرا دیا۔ خشک سردی کے باعث موسمی امراض میں اضافہ ہونے لگا۔
لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے اِس وقت سردی کی شدید لہر کا سامنا کر رہے ہیں جس کے باعث کسی حد تک معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ قرار دیا گیا ہے کہ موسم کی یہ صورت حال ابھی کم از کم مزید چار سے پانچ روز تک برقرار رہے گی تو اِس بار سردیوں کا دورانیہ بھی گزشتہ سالوں کی نسبت طویل رہنے کا امکان ہے۔ موسم کی اِس صورت حال کے باعث مختلف امراض میں اضافہ ہوا ہے۔ کھانسی اور زکام کے مریض بڑی تعداد میں ہسپتالوں میں آ رہے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق موسم کی یہ صورت حال بچوں اور عمر رسیدہ افراد کے لئے خصوصی احتیاط برتنے کا تقاضا کرتی ہے کیونکہ کسی بھی شدید موسم کے اثرات سب سے زیادہ اِن کو ہی متاثر کرتے ہیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم صحت کو اپنی ترجیحات میں سب سے زیادہ اہمیت دیں۔