وزارت توانائی کا بجلی کے ترسیلی نظام میں کمزوری کا اعتراف
01-06-2024
(ذیشان یوسفزئی) موسم سرما میں بھی بجلی کی 13 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے معاملہ پر وزارت توانائی نے ترسیلی نظام میں کمزوری کا اعتراف کر لیا۔
وزارت توانائی کے مطابق بجلی کا ترسیلی نظام دھند اور سردی سے متاثر ہوتا ہے، دھند اور آلودگی مل کر کنڈیکٹر اور ٹاورز کے شارٹ سرکٹ کا باعث بنتی ہیں، شارٹ سرکٹ سے ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرجاتی ہیں اور بجلی کی ترسیل رک جاتی ہے۔ وزارت توانائی نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں شمالی اور جنوبی علاقوں کو ملانے والی 500 کے وی ٹرانسمیشن لائنز دو مرتبہ ٹرپ کر گئی تھیں، کوئلے، نیوکلیئر اور ونڈ پاور پلانٹس جنوب میں واقع ہیں، جنوب میں واقع پلانٹس سے بجلی کی ترسیل ایک طویل نظام کے ذریعے ہوتی ہے۔ حکام نے مزید کہا ہے کہ نظام کی کمزوری کے باعث بجلی کی بلاتعطل ترسیل ممکن نہیں ہو سکتی، سسٹم کی بہتری کیلئے صارفین سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اربوں روپے وصول کئے جاتے ہیں، این ٹی ڈی سی نے سسٹم کی بہتری کیلئے 510 ارب روپے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی ہے۔