قومی ٹیم کا کیریئر کے آخری ٹیسٹ پر ڈیوڈ وارنر کو تحفہ
01-06-2024
(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سٹار بیٹر ڈیوڈ وارنر کو کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے کپتان شان مسعود نے تحفہ پیش کیا۔
شان مسعود نے بابر اعظم کی شرٹ تحفے میں ڈیوڈ وارنر کو پیش کی جس پر پوری ٹیم کے دستخط تھے، کپتان شان مسعود نے ڈیوڈ وارنر کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ڈیوڈ وارنر نے کیریئر کے الوداعی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف پہلی اننگ میں 34 جبکہ دوسری اننگ میں 57 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہم نے سیریز میں غلطیاں کیں، اگر 200 رنز کا ہدف ہوتا تو صورت حال مختلف ہو سکتی تھی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ میں 8 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کر دیا۔ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو میلبرن ٹیسٹ میں 79 رنز سے شکست ہوئی تھی جبکہ پرتھ ٹیسٹ پاکستان 360 رنز کے بھاری مارجن سے ہارا تھا۔