سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف کارروائیاں، 7 دہشتگرد گرفتار
01-06-2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) نے مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت بہاولنگر، بہاولپور، سرگودھا اور قصور میں کی جانے والی مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لاہور سے گرفتار کئے گئے تین دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) سے ہے جن کی شناخت عابد، شاہ محمد اور خان زمان کے نام سے ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ بہاولپور، بہاولنگر ، سرگودھا اور قصور سے بھی 4 دہشت گرد پکڑے گئے جن کا نیٹ ورک بڑے پیمانے پر تخریب کاری کے منصوبے میں ملوث ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، اسلحہ اور نقدی بھی برآمد کی گئی جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔