آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا

01-05-2024

(لاہورنیوز) رواں سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے مطابق یکم جون سے 29 جون تک کھیلنے جانیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے نویں ٹورنامنٹ کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کرے گا، ویسٹ انڈیز اور امریکا کے 9 مختلف مقامات پر ٹورنامنٹ کے 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں 20 ٹیمیں شامل ہوں گی جنہیں 5، 5 ٹیموں کے چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے ٹاپ 2 سپر 8 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔اس کے بعد 4، 4 ٹیموں کے 2 گروپس میں سے ٹاپ 2،2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ پاکستان اور بھارت کو ٹی ٹوئنٹی و رلڈکپ کے ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔گروپ اے میں ،پاکستان، بھارت ،ائیرلینڈ، امریکا،کینیڈا، گروپ بی میں انگلینڈ آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ ، اومان، گروپ سی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگینڈا، پاپوا نیو گنی جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلادیش،نیدرلینڈز، نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچز یکم جون سے 18 جون تک ہوں گے، سپر 8 مرحلہ 19 سے 24 جون تک کھیلا جائے گا، سیمی فائنلز 26 اور 27 جون کو ہوں گے ، جبکہ فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میں پاکستان پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے خلاف کھیلے گا، ورلڈ کپ میں پاک ، بھارت میچ 9 جون کو نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔