شہباز شریف کا یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار

01-05-2024

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا 77 سال گزرنے کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی کے منتظر ہیں، 75 سال قبل آج کے دن جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا،اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری 5 جنوری 1949 کی عالمی قرارداد پر عمل درآمد کرائے، اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (یو این سی آئی پی) کی جموں و کشمیر میں استصواب رائے کرانے کی قرارداد پر عمل کرایا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا وعدہ کیا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں گے، 5 اگست 2019 اس عالمی قرارداد کی خلاف ورزی تھی، یہ دن بھارت کو یاد دلاتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا بھارت 77 سال سے عالمی قانون، عالمی ذمہ داریوں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کرتا آ رہا ہے، ظلم و جبر کے بدترین بھارتی ہتھکنڈے جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی کے جذبے کو سرد نہیں کر سکے، عالمی برادری فلسطین اور جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا حساب لے، غاصبانہ قبضے کا شکار عوام کا تحفظ اور ان سے اپنے وعدے پورے کرے۔