اقتدار میں آ کر تنخواہیں ڈبل کر دیں گے، بلاول بھٹو
01-05-2024
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی تنخواہ میں گزارہ نہیں کر سکتا، اقتدار میں آ کر تنخواہیں ڈبل کر دیں گے، الیکشن وقت پر ہوں گے۔
لاہور کے حلقہ این اے 127 میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ لاہور میں منائی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے آپ کی نمائندگی کی، ایک ہی سیاسی جماعت ہے جو عوام کی نمائندگی کر رہی ہے، میرے سفیر بن کر گھر گھر پہنچیں اور میرے 10 وعدوں کے بارے میں بتائیں، ہم عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی وجہ سے عوام کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لے کر آئی، ہم مزدوروں کو بھی بینظیر کارڈ فراہم کریں گے، ہم کسانوں کو کسان کارڈ اور نوجوانوں کو بھی نوجوان کارڈ دلوائیں گے، اس وقت غربت، مہنگائی بیروزگاری عروج پر ہیں۔ چیئرمین پپیلز پارٹی نے کہا کہ میں نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، میں گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، میں اس پرانی، تقسیم، نفرت کی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں، میں آپ کی بھرپور مدد کرنا چاہتا ہوں۔ سینیٹ میں الیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے صحافی کے سوال پر ردِ عمل دیتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بزرگوں کا علاج کرنا بہت مشکل کام ہو گیا ہے، روزگار کا بندوبست کرنا بھی بہت مشکل ہو گیا ہے، میں مفت علاج کے لئے ہسپتال بنانا چاہتا ہوں، میں مفت تعلیم کے ادارے بنانا چاہتا ہوں، ہمارے بہت سارے پروگرام ہیں، انشا اللہ جیت آپ کی ہو گی، جیت تیر کی ہو گی، جیت پیپلزپارٹی کی ہو گی۔