نئے میگا پراجیکٹ شروع کرنے سے قبل الیکشن کمیشن سے منظوری لینا لازم قرار

01-05-2024

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے نگران پنجاب حکومت کے فیصلوں پر قدغن لگا دی۔ نئے میگا پراجیکٹ شروع کرنے سے قبل الیکشن کمیشن سے منظوری لینا لازم قرار دے دیا گیا۔

صوبائی ترقیاتی بورڈ نے شہر میں مزید دو منصوبے شروع کرنے کی منظوری دی۔ ایک ماہ گزرنے کے باوجود الیکشن کمیشن نے پراجیکٹ شروع کرنے کی اجازت نہ دی۔ ایل ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ نے ترقیاتی کاموں کے لئے الیکشن کمیشن کو استدعا کی تھی۔ ترقیاتی بورڈ سے منظوری کے باوجود ایل ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ نے ٹینڈرز نہ لگائے۔ گڑھی شاہو چوک اور کریم بلاک انڈر پاس منصوبہ الیکشن کمیشن کی منظوری کا منتظر ہے۔ کریم مارکیٹ تا موٹر وے سگنل فری کوریڈور کی تعمیر کیلئے 2 ارب 97 کروڑ 50 لاکھ روپے منظور کئے گئے۔ گڑھی شاہو میں فلائی اوور اور انڈر پاس کیلئے 3 ارب 95 کروڑ 14 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تھی۔ ایل ڈی اے انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کو منظوری کے لئے دوسری مرتبہ استدعا کر دی۔