ذکا اشرف کے سر پر تلوار لٹک گئی،سینیٹ میں چیئرمین پی سی بی کی اہلیت پر سوال اٹھنے لگے

01-05-2024

(ویب ڈیسک) سینیٹ کے اجلاس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی اہلیت پر سوال کے بعد ذکا اشرف کا سی وی پیش کردیا گیا۔

سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا سی وی پیش کیا گیا، سینیٹر مشتاق احمد نے سوال کیا کہ چیئرمین پی سی بی کی اہلیت کیا ہے؟ وہ یا تو شوگر ریسرچ ڈویلپمنٹ بورڈ یا کسی انڈسٹری کے چیئرمین رہے ہیں یا زراعت کے وزیر رہے ہیں۔ سینیٹر مشتاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ذکا اشرف کو کھیلوں کا بالکل کوئی تجربہ نہیں ہے۔ کھیل اور کرکٹ ان کے مشاغل میں لکھا دکھائی دیتا ہے مگر  کھیل ان کا شعبہ نہیں رہا اور انہیں چیئرمین پی سی بی لگا دیا گیا۔ کرکٹ پر بھی اب آڈیو لیکس آنے لگی ہیں۔ نگران وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی سولنگی نے جواب دیا کہ میری اس حوالے سے کل متعلقہ وزیر سے ملاقات ہوئی تھی۔ واضح کردوں کہ چیئرمین پی سی بی کی تقرری نگران حکومت نے نہیں کی۔ وہ اس سے قبل بھی چیئرمین پی سی بی رہ چکے ہیں۔ نگران حکومت کے اختیارات محدود ہیں وہ کوئی بنیادی فیصلہ نہیں کرسکتی۔ کرکٹ بورڈ کے الیکشن کروانے کو کہا ہے۔