لاہور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سے بھی کم ہوگیا، بیماریاں بڑھنے لگیں

01-05-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب شدید سردی اور فوگ کی لپیٹ میں ہے جبکہ لاہور کا درجہ حرارت 5 ڈگری سے بھی کم ہوگیا، موسم کی تبدیلی کے باعث بیماریاں بڑھنے لگی ہیں۔

پنجاب بھر کے میدانی علاقے شدید سردی، فوگ اور سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ سردی کی جما دینے والی لہر کے باعث صوبائی دارالحکومت میں آج سال کا سرد ترین دن ریکارڈ ہوا، جس میں درجہ حرارت 5 ڈگری سے بھی کم ہوگیا۔ خشک سردی  کے باعث موسمی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا درجہ حرارت 4.7 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری سنٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں کہیں فوگ  اور کہیں سموگ برقرار ہے، جس کی وجہ سے  شہریوں کو شد ید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ خشک سردی سے موسمی بیماریوں  خصوصاً نزلہ زکام کھانسی اور بخار کی شکایات عام ہوگئی ہیں ۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شدید اور خشک سردی سے بچنے کے لیے سر، پاؤں اور سینے کو ڈھانپ کر رکھیں اور ماسک کا استعمال کریں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خشک اورشدید سردی کی لہر میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ آئندہ 3 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ آئندہ 24 گھنٹے  موسم سرد اور خشک رہے گا۔