پی آئی سی : آپریشنز میں تاخیر اور سرجنز کی کمی دور کرنے کیلئے پلان طلب

01-05-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی سی میں بائی پاس آپریشن میں غیر معمولی تاخیر اورسرجنزکی کمی دور کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ کا اجلاس ہوا، پی آئی سی بورڈ ممبرز نے رفتار اور معیار کے ساتھ ایمرجنسی کی 6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں اپ گریڈیشن پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ بورڈ ممبرز نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی صحت کے شعبے میں غیر معمولی اصلاحات مثالی ہیں، محسن نقوی نے حیران کن رفتار کے ساتھ ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرایا۔ یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی کا افتتاح کردیا اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن میں پوری ٹیم نے دن رات کام کیا، 6 ہفتے میں ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن ناممکن کام تھا،فرینڈز آف پی آئی سی کی ایمرجنسی کو بھی بہتر بنائیں گے۔ محسن نقوی نے بتایا کہ وفاقی وزیر گوہر اعجاز اور فرینڈز آف پی آئی سی کے تعاون سے سرائے بھی بنا رہے ہیں، تنقید کے باوجود آپریشن تھیٹرز بند رکھے اور انفیکشن فری بنایا ،پی آئی سی کی سٹیٹ آف دی آرٹ نئی لیب کا پلان بنایا ہے جو مین دروازے کے قریب بنے گی۔ اس کو بھی پڑھیں: محسن نقوی کا ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کام فروری تک مکمل کرنے کا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی میں آپریشنز میں تاخیر اور سرجنر کی کمی دور کرنے کا پلان طلب کرتے ہوئے  کہا کہ اس ضمن میں قابل عمل سفارشات پیش کی جائیں جن پرفوری عملدر آمد ہوسکے، پی آئی سی میں سرجنز کی کمی کو دورکرنے کیلئے جو ممکن ہوسکا کریں گے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، بلال افضل،ڈاکٹر جمال ناصر،چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری صحت، سی سی پی او،سیکرٹری خزانہ،کمشنر لاہور،چیئرمین پی آئی سی بورڈ ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور بورڈممبران اجلاس میں شریک تھے۔