سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو کا 96 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

01-05-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا 96 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں آنکھ کھولی، پاکستان کی سیاست پر اپنا اثر رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت بھلائی نہیں جا سکتی۔ بانی پیپلزپارٹی نے کيلی فورنيا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعليم حاصل کی، 1953ء میں سندھ ہائیکورٹ میں وکالت شروع کی۔ ذوالفقار علی بھٹو 1963 ميں جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزير مقرر ہوئے، سیاسی اختلافات کی بناء پر حکومت سے الگ ہوکر 30 نومبر 1967 کو پيپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے سے عوام کے دلوں میں گھر کر گئے۔ 1970 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بھرپور کامیابی حاصل ہوئی،1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر رہے انہیں ملک کے پہلے منتخب وزيراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین بھی دیا۔ 4 اپریل 1979 کو ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی کی سزا دی گئی، جمہوریت پسند پیپلزپارٹی کا نظریاتی ورکر آج بھی بھٹو کے فلسفے پر عمل پیرا ہے۔ عوام میں بے پناہ پذیرائی حاصل کرنے والے پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔