وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی کا افتتاح کردیا

01-04-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی کا افتتاح کردیا۔

6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی مکمل طور پر نئی ہوگئی، نئی ایمرجنسی بلڈنگ میں 50 بیڈز کا اضافہ کردیا گیا۔  وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی آئی سی کی سٹیٹ آف دی آرٹ نئی ایمرجنسی کا افتتاح کر دیا، جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے مریضوں کا ریکارڈ ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی کی مسلسل مانیٹرنگ اور دوروں سے ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کے کام کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔  محسن نقوی نے اپ گریڈ ہونے والی ایمرجنسی کا تفصیلی دورہ کیا اور دل کے مریضوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے آئی سی یو،  ایکو روم اور دیگر سہولتوں کا معائنہ کیا اور  نئے بیڈز کا معیار چیک کیا،محسن نقوی نے خصوصی افراد کے لئے مخصوص واش رومز بنانے کی بھی ہدایت کردی۔  نگران وزیراعلیٰ نے استقبالیہ پر مریضوں کی آمد سے علاج معالجے تک کے نئے وضع کردہ نظام کا مشاہدہ کیا اور کوریڈور سے ملحقہ جگہ پر مزید پودے رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہر بیڈ پر کارڈیک مانیٹرنگ سسٹم کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ہسپتال انتظامیہ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی پر شاباش دیتا ہوں۔