محسن نقوی کا ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کام فروری تک مکمل کرنے کا اعلان
01-04-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کام فروری کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کا اعلان دیا۔
پی آئی سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کم وقت میں منصوبے مکمل ہونے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، پی آئی سی کی ایمرجنسی کو 6 ہفتوں میں مکمل کیا گیا، اب ہم یہاں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری بنانے جارہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ اب سوچ رہے ہیں یہاں بائی پاس آپریشن کی ویٹنگ لسٹ کو کیسے ختم کرنا ہے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا تھرڈ فلور بھی مکمل ہورہا ہے، اب پی آئی سی کے مزید دوبلاکس دیکھ رہے ہیں کہ انہیں کیسے ٹھیک کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کا کچھ حصہ بند ہونے پر ڈاکٹرز کو بھی مشکلات پیش آئیں، کل ہم چلڈرن ہسپتال ملتان کی طرف جارہے ہیں، ، ہر منصوبے پر سب کچھ میڈ ان پاکستان لگ رہا ہے، ہر پراجیکٹ میں جتنا بجٹ مختص کیا گیا اس سے کم لگ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے کے دیگر ہسپتالوں کو بہتر بنانے کا کام بھی جاری ہے، ہماری ٹیم دن رات ایک کیے ہوئے ہے ،جن ہسپتالوں میں کام شروع کیا مکمل کر کے جائیں گے، پنجاب کے 16 بڑے ہسپتالوں میں کمپیوٹرائزڈ سسٹم لا رہے ہیں، دیگر شہروں میں سہولیات فراہم کرنے سے لاہور میں ہسپتالوں پر دباؤ کم ہو گا۔