پیپلزپارٹی کا حکومت میں آکر 300 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا اعلان
01-04-2024
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت میں آکر متوسط طبقے کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا اعلان کردیا۔
پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر شازیہ مری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متوسط طبقہ شدید معاشی مسائل کا شکار ہے، ہم نے کم آمدنی والے طبقے کیلئے 300 یونٹ مفت بجلی سولر کے ذریعے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمدن کم ہوتو لوگوں کو بوجھ پڑتا ہے، متوسط طبقہ شدید معاشی مسائل کا شکار ہے، گزشتہ روز سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں بلاول بھٹو نے پہلا پوائنٹ تنخواہوں میں 100فیصد اضافے کا رکھا ہے، پی پی حکومت آکر مفت اور معیاری تعلیم پر توجہ دے گی، ملک میں ہر بچے کی سکول تک رسائی ممکن بنائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرنے پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا، الیکشن سیاسی استحکام لانے کا واحد ذریعہ ہے، ہم اسی لیے کہتے ہیں کہ ملک میں سیاسی استحکام آنا چاہیے۔