31دسمبر تک کپاس کی قومی پیداوار81لاکھ 71ہزار گانٹھ رہی
01-04-2024
(ویب ڈیسک) کپاس کی مجموعی قومی پیداوار 31 دسمبر 2023 تک 77 فیصد کے اضافے سے 81لاکھ 71ہزار گانٹھ رہی ہے۔
پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 31دسمبر تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 81 لاکھ 71 ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی کی ترسیل ہوئی جو گذشتہ سال کے مقابلے میں اگرچہ 77فیصد زائد ہے لیکن ابتدائی پیداواری ہدف کی نسبت تقریباً 43لاکھ گانٹھ کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیرتبصرہ مدت تک پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں 48 فیصد کے اضافے سے 40لاکھ 79 ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی ہے جبکہ سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں 121فیصد کے اضافے سے 40 لاکھ 92 ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی کی جننگ فیکٹریوں میں ترسیل ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران ٹیکسٹائل ملوں کی جانب سے 73 لاکھ 14 ہزار روئی کی گانٹھوں کی خریداری کی گئی جبکہ 5لاکھ 65ہزار روئی کی گانٹھوں کے ذخائر فروخت کیلیے دستیاب ہیں۔ فی الوقت 244 جننگ فیکٹریاں فعال ہیں جبکہ گزشتہ برس ان دنوں کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار میں غیر معمولی کمی کے باوجود ریکارڈ 471 جننگ فیکٹریاں فعال تھیں۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ کاٹن ایئر2023-24 کے لیے ابتدائی طور پر کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ 28لاکھ گانٹھوں مقرر کیا گیا تھا جسے بعد میں کم کرکے ایک کروڑ 12لاکھ گانٹھ کر دیا گیا ۔