شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر،24 پروازیں منسوخ

01-04-2024

(ویب ڈیسک) شدید دھند کے باعث ملک بھر میں فلائٹ آپریشن متاثر ہو کر رہ گیا جس کے باعث 24 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔

دھند کے باعث ملکی اور غیر ملکی 50 سے زائد پروازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ گزشتہ 3 روز کے دوران ملک بھر سے 88 مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منزل کی جانب روانہ نہ ہو سکیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اسلام آباد کے خراب موسم کے باعث نجی ایئر لائن کی جدہ سے اسلام آباد کی پرواز کی لاہور میں لینڈنگ کرائی گئی،  نجی ایئر لائن کی مسقط سے سیالکوٹ کی پرواز کی بھی لاہور میں لینڈنگ ہوئی۔ اس کے علاوہ شارجہ سے پشاور کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 258 کی کراچی میں لینڈنگ کرائی گئی۔ دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے متعد دپروازیں اڑان نہ بھر سکیں، اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز پی کے 261، دبئی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 234 منسوخ کر دی گئیں۔ لاہور سے کوئٹہ کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 322 اور کراچی سے سکھر کی پی آئی کی پروازیں 530 اور 531 بھی اڑان نہ بھر سکیں۔