مہنگائی کی ماری عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی ریلیف نہ ملا

01-04-2024

(لاہور نیوز) نیا سال آ گیا یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کی خواری کم نہ ہوئی، کبھی آٹا نہیں ملتا تو کبھی دالیں اور چینی غائب، شہری سستی اشیا کے حصول کیلئے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

یوٹیلیٹی سٹورز سے خریداری،خواری ہی خواری، مہنگائی کی ماری عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی ریلیف نہ ملا،کبھی آٹا نہیں ملتا تو کبھی دالیں اور چینی غائب،شہری سستی اشیا کے حصول کیلئے دھکے کھانے لگے،عام شہریوں کے ساتھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے صارف بھی رُل گئے۔ عام صارف کے لئے یوٹیلیٹی سٹور سے خریداری صرف خواری ہے، عام صارف کو 10 کلو آٹے کا تھیلا 1420 روپے میں فراہم کیا جارہا ہےجبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارف کے لئے آٹا نرخ 648 روپے مقرر ہیں۔ عام صارف کے لئے گھی کے نرخ 425 روپے اور بے نظیر انکم سپورٹ صارف کے لئے گھی 365 روپے کلو ہے۔ صارفین کا  کہنا ہےکہ  سارا دن انتظار میں کھڑے رہنے کے باوجود  سستی اشیا نہیں ملتیں، سستی اشیاء کے حصول کیلئے خوار ہونا پڑتا ہے۔ عوام کو مہنگائی سے ریلیف  دینے کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز کی سہولت دی گئی لیکن اشیا کی عدم دستیابی سے عوام انتظار کی سولی پر ہی لٹکے نظر آتے ہیں۔