مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی انتخابی قربتیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے رابطے کر لئے
01-03-2024
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی انتخابی قربتیں بڑھ گئیں۔
دونوں بڑی جماعتوں نے این اے 127 اور این اے 242 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے رابطے کر لئے۔ ایم کیو ایم سے بھی اس سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ کے لئے مسلم لیگ ن کی بات چیت ہوئی۔ ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال شہباز شریف کے مدمقابل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے این اے 127 لاہور سے بلاول بھٹو کی سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ کے لئے کوششیں تیز کر دیں۔ مسلم لیگ (ن) کو این اے 242 سے اپنا امیدوار بیٹھا کر اور لیگی امیدوار کی حمایت کرنے کی بھی پیشکش کی گئی۔ خورشید شاہ اور دیگر رہنماؤں کی شہبازشریف اور ایاز صادق سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ن لیگ کی سینئر قیادت نے بلاول بھٹو کی سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ کی مخالفت کر دی۔ پیپلز پارٹی کے اہم عہدیدار نے بتایا کہ بات چیت جاری ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ ہونے پر اپنے حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ مسلم لیگ(ن) کے عہدیدار کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کراچی میں اپنا امیدوار بیٹھا کر بدلے میں لاہور کی سیٹ چاہتی ہے، پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت جاری ہے، جلد حتمی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔