ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری، بابراعظم چھٹے نمبر پر چلے گئے

01-03-2024

(ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی، پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے۔

آسٹریلیا میں ناقص کارکردگی کے باعث بابراعظم کی عالمی رینکنگ میں کمی آئی ہے ، قومی بلے باز پانچویں نمبر سے چھٹے نمبر پر جا پہنچے ہیں جبکہ قومی ٹیم میں موجود دیگر بلے بازوں کی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ سعود شکیل ایک درجہ ترقی کے بعد تیرہویں، عبداللہ شفیق تین درجہ ترقی سے اکیسویں جبکہ وکٹ کیپر بیٹر چار درجہ ترقی کے بعد 27 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ کرکٹر سلمان علی آغا کی 32ویں پوزیشن برقرار ہے جبکہ اوپننگ بلے باز امام الحق آٹھ درجہ تنزلی پاکر 37ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل راونڈر عامر جمال کا سترہ درجہ ترقی کے بعد 57 واں نمبر ہے۔ آئی سی سی رینکنگ میں کین ولیم سن سرفہرست ہیں جبکہ جوئے روٹ دوسرے اور سٹیو سمتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارتی سابق کپتان چار درجہ ترقی پاکر نویں نمبر پر آگئے ہیں۔