رواں برس بیرون ملک مفرور اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار کرکے وطن واپس پہنچا دیا گیا

01-03-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔

رواں برس کے دوران بیرون ملک مفرور پہلا اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار کرکے وطن واپس پہنچا دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری فاضل بخش پنجاب پولیس ڈی جی خان کو قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا، پنجاب پولیس نے فاضل بخش کی گرفتاری کیلئے انٹر پول سے ریڈ نوٹس جاری کروایا ، ٹریس کرکے سعودی پولیس کو مطلع کیا، سعودی عرب پولیس نے اشتہاری فاضل بخش کو گرفتار کرکے پاکستان بھجوا دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 151 ہو گئی۔ آئی جی پنجاب نے بیرون ملک سے خطرناک اشتہاری گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی۔ انہوں نے کہا قانونی مراحل جلد مکمل کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، خطرناک جرائم میں ملوث اے کیٹیگری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے، ایف آئی اے ، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔