پٹرول کی فروخت میں 6 ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کمی
01-03-2024
(ویب ڈیسک) ملک میں پٹرول کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں ملک میں 3.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.83 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ دسمبر میں ملک میں 0.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے مقابلے میں یکساں ہے، نومبر میں بھی ملک میں 0.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی، دسمبر 2022 کے مقابلے میں دسمبر 2023 میں ملک میں پٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی کمی ہوئی۔ ماہ دسمبر 2022 میں ملک میں 0.62 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی جو دسمبر 2023 میں کم ہو کر 0.57 ملین ٹن ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔