سائلین کی سہولت کیلئے متعدد اضلاع لاہور ہائیکورٹ کے قریبی بنچوں سے منسلک

01-03-2024

(لاہور نیوز) سائلین کی سہولت کیلئے پنجاب کے متعدد اضلاع کو لاہور ہائیکورٹ کے قریبی بنچوں سے منسلک کردیا گیا۔

عوامی سہولت اور سائلین کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے ویژن کے تحت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد متعدد اضلاع کو قریبی بنچوں کے ساتھ منسلک کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھکر کو لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے ساتھ منسلک کردیا گیا، ضلع میانوالی کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے ساتھ منسلک کردیا گیا، ضلع لودھراں کو لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ کے ساتھ منسلک کردیا گیا۔ اسی طرح ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔  نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ 9 جنوری سے ضلع بھکر، ضلع میانوالی، ضلع لودھراں اور تحصیل سرائے عالمگیر کے مقدمات متعلقہ بنچوں پر سنے جائیں گے، تینوں اضلاع اور تحصیل سرائے عالمگیر کے لاہور ہائیکورٹ لاہور پرنسپل سیٹ پر زیرالتواء مقدمات متعلقہ بنچز پر ٹرانسفر کردیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں بھکر، میانوالی، لودھراں اور سرائے عالمگیر کے سائلین کو اپنے مقدمات کے لئے لاہور ہائیکورٹ لاہور پرنسپل سیٹ آنا پڑتا تھا۔