سرتاج عزیزاپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، کمی کبھی پوری نہیں ہو گی: شہباز شریف
01-03-2024
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرتاج عزیز کی وفات پر دلی دکھ اور رنج ہے، وہ نواز شریف کے قریبی اور بااعتماد ساتھی تھے، سرتاج عزیز نے تمام عمر قیادت، جماعت اور نظریے کے ساتھ اٹوٹ وابستگی نبھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز ایک محب وطن، سچے،کھرے پاکستانی اور نہایت شریف انسان تھے، وہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، انہوں نے خزانہ اور معاشی محاذوں پر نہایت قابل قدر خدمات انجام دیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ فاٹا اصلاحات، معاشی، زرعی اور آبی پالیسیوں سمیت گورننس کے مختلف شعبوں میں انہوں نے خلوص اور دیانت سے ملک وقوم کی خدمت کی، ملکی معیشت کو نئی جہتوں سے متعارف کرایا جس سے معیشت کو استحکام اور عوام کو ریلیف ملا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس شعبے کی ذمہ داری انہیں ملی، انہوں نے اخلاص و محنت کے جذبے سے اس میں قومی خدمات انجام دیں، سرتاج عزیز نے پوری عمر پاکستان کی تعمیر وترقی میں صرف کی، ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکے گی۔ صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔