دیسی گھی، چیز اور ڈیری پراڈکٹس میں ملاوٹ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

01-02-2024

(لاہور نیوز) دیسی گھی، چیز، کھویا، دہی، ڈیری پراڈکٹس میں ملاوٹ کرنے والوں کے گرد شکنجہ سخت کر دیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں 365 ڈیری یونٹس کی چیکنگ کی، ناقص پراڈکٹس کی موجودگی پر 4 یونٹس بند، 8 مقدمات درج، 70 یونٹس کو بھاری جرمانے، 232 کو اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے۔ دوران کارروائی 2 ہزار 340 کلو ملاوٹی دیسی گھی، کھویا، 410 کلو ناقص دودھ، دہی، 350 کلو سے زائد چیز اور دیگر ملاوٹی اشیاء تلف کی گئیں، لاہور ڈویژن میں 44، فیصل آباد میں 64، ساہیوال میں 54، راولپنڈی میں 11، سرگودھا میں 64 ڈیری یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن میں 53 یونٹس، بہاولپور میں 20، ملتان ڈویژن میں 36، ڈی جی خان ڈویژن میں 29 یونٹس کا معائنہ کیا گیا، پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ عاصم جاوید نے بتایا کہ ملاوٹی کھوئے، دیسی گھی کی تیاری میں ممنوعہ مضر صحت اجزاء کا استعمال کرنے پر یونٹس کو بند کیا گیا، انتہائی ناقص سٹوریج اور تیار پراڈکٹس پر فنگس لگی پائی گئی، ڈیری یونٹس سے ناقص اور ملاوٹی ڈیری پراڈکٹس برآمد ہونے پر 4 یونٹ بند جبکہ 8 کیخلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق دیسی گھی اور کھوئے کے معیار کی تفصیلی جانچ کے لیے 58 سیمپل لیبارٹری بھجوائے گئے، غیر معیاری کھوئے اور دیسی گھی کو مختلف چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ عاصم جاوید نے بتایا کہ ملاوٹی دودھ اور کھوئے کا استعمال مختلف موذی امراض میں مبتلا کر سکتا ہے، پنجاب بھر میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف مسلسل کارروائیاں کی جا رہی ہیں، فوڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ملاوٹ کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔