نئے سال میں غیر قانونی تعمیرات کے گرد گھیر مزید تنگ
01-02-2024
(لاہور نیوز) سال نو میں ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بلدیہ عظمیٰ لاہور نے سال کے آغاز میں ہی شہر میں قائم181 غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی مکمل کر کے ایکشن کا فیصلہ کیا ہے،ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر کے سپیشل ریگولیشن یونٹ نے غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کی۔ غیر قانونی تعمیرات کی تفصیل پلاننگ ونگ کو بھجوا دی گئیں،چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ نے غیرقانونی تعمیرات کی تفصیل اور ایکشن کا ہدایت نامہ جاری کردیا۔ ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں کمرشل، رہائشی اور انڈسٹریل تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے،ریگولیشن ونگ مانیٹرنگ یونٹ نے 181 غیر قانونی تعمیرات کی تفصیلات جمع کروا دی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پلاننگ ونگ افسران 7 روز میں غیرقانونی تعمیرات کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائیں، رپورٹ جمع نہ کروانے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ رافعہ حیدر کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں کسی بھی طرح کی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔