ملک بھر میں بجلی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا
01-02-2024
(لاہور نیوز) ملک بھر میں بجلی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا۔ لیسکو سمیت تمام ڈسکوز میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے صارفین کا جینا محال کر دیا۔
بجلی کی پیداوار میں کمی اور میدانی علاقوں میں شدید دھند سے ٹرانسمیشن سسٹم بری طرح متاثر ہے۔ ذرائع کے مطابق پانی کی کمی کے باعث ہائیڈل بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی جبکہ مہنگے پاور پلانٹس بھی بند ہیں۔ ڈسکوز کو طلب سے کئی گنا کم بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لیسکو کی بجلی کی طلب 2440 میگاواٹ سے زائد ہے۔ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 1540 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے لیسکو کو 900 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ بند پاور پلانٹس میں تھرمل اور کوئلے والے پاور پلانٹس شامل ہیں۔ سردیوں میں بھی بجلی کی طلب کے مطابق سپلائی ممکن نہیں۔