ایل ڈبلیو ایم سی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری
01-02-2024
(لاہور نیوز) لاہور ویسٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کیلئے2023 جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کا سال رہا، ایل ڈبلیو ایم سی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
سی ای او بابر صاحب دین کی زیرِ قیادت ایل ڈبلیو ایم سی میں جدید عملی اصلاحات اور ورکرز کی فلاح و بہبود کا سلسلہ جاری ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے گزشتہ سال کے دوران شہر بھر سے 15 لاکھ 47ہزار 899 ٹن کوڑا ٹھکانے لگایا گیا،1139 ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے والے 59 ہزار 670 شہریوں کے مسائل حل کیے گئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ برس سوشل میڈیا اور وزیر اعلیٰ پورٹل پر موصول ہونے والی 5 ہزار 120سے زائد شکایات بھی فوری حل کی گئیں،غیر قانونی ڈمپنگ پر 9ہزار 182چالان، 1کروڑ 81 لاکھ 52 ہزار روپے کے جرمانے اور777 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر شہر کی 79سڑکوں کو ڈسٹ فری بنانے کے لیے خصوصی واشنگ ایکٹیویٹی کا آغاز ہوا، شہر کی 944 چھوٹی بڑی شاہراہوں پر سکریپنگ ،سپرنکلنگ اور اینٹی سموگ سرگرمیوں کا سلسلہ سال بھر جاری رہا۔ ایل ڈبلیو ایم سی نے پارکس، مارکیٹس، رہائشی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر 4380 سے زائد مرتبہ آگاہی مہم چلائی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال سے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ لٹر فیول کی بچت یقینی بنائی گئی جبکہ ماحول دوست کھاد بیلیا کی فروخت میں 52 فیصد اضافہ ہوا۔ ورکرز کی فلاح و بہبودبھی گزشتہ برس کا اہم ایجنڈا رہا، ایل ڈبلیو ایم سی کے 10 ہزار سے زائد سینیٹری ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی تمام ورکشاپس پر سہولت سنٹرز کا بھی گزشتہ برس آغاز ہوا، ورکرز کے بچوں کیلئے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ مل کر فری ٹیکنیکل سکلز ڈویلپمنٹ کورسز کا آغاز ہوا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی تاریخ میں پہلی بار حج قرعہ اندازی ہوئی جس کے تحت 2 ورکرز اور ایک آفیسررواں برس حج کا فریضہ انجام دیں گے۔