پنک نمک کے فوائد اور استعمال سے متعلق تحریک سینیٹ میں پیش

01-01-2024

(لاہورنیوز) سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے پنک نمک کے فوائد اور استعمال سے متعلق تحریک پیش کی گئی۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اسے گلابی سونا کہا جاتا ہے، کھیوڑا میں پنک سالٹ کا دنیا کا دوسرا بڑا ذخیرہ ہے، کھیوڑا کے ذخیرے جہلم سے میانوالی اور کوہاٹ تک پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گلابی نمک دنیا بھر میں صرف پاکستان میں پایا جاتا ہے، بھارت اس گلابی نمک کو اپنے نام سے فروخت کر رہا ہے، ہم اب تک اپنے اس اثاثے کا تحفظ نہیں کر سکے ہیں، پاکستان کے علاوہ کوئی ملک گلابی نمک کو اپنے نام سے استعمال نہیں کر سکتا۔ سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ معدنیات اور نمک بیشتر ضائع ہو رہا ہے، ایک خبر آئی تھی کہ امریکی کمپنی کے حکام پاکستانی سفیر سے ملے تھے اور نمک میں سرمایہ کاری کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ یہ گلابی نمک پاکستان کا اثاثہ ہے، نمک ایکسپورٹ کرنے والے 20 بڑے ممالک میں پاکستان شامل کیوں نہیں؟ یہ ایوان اس معاملے کا نوٹس لے۔