احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے: نگران وزیر اعظم

01-01-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن احتجاج قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے۔

بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹرمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ایف بی آر نے ریکارڈ ریونیو اکٹھا کیا ہے، آئی ایم ایف کے قرض سے تب جان چھوٹے گی جب زیادہ ٹیکس اکٹھا کریں گے، آئی ایم ایف سے قسط جلد ملنے کی امید ہے، قرض لینا منفی عمل نہیں ہے، امریکا بھی قرض لیتا ہے۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی کو 2  ڈنڈے پڑتے ہیں تو سارے لب کشائی کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مارے جانے والوں کے لیے کوئی نہیں بولتا، آزادی اظہار پر پابندی نہیں لگا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات مولانا فضل الرحمان کی گاڑی پر فائرنگ الارمنگ ہے، کوئی شک نہیں دہشت گردی کا چیلنج موجود ہے، ہماری کوشش ہے الیکشن کو یقینی بنائیں گے، امید کرتے ہیں ہم الیکشن والے دن سکیورٹی دینے میں کامیاب ہوں گے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا ہر قسم کا بیانیہ ہوتا ہے، الیکشن کمپین شروع ہوگئی ہے، میری 8 فروری کو ووٹ ڈالنے کی مکمل تیاری ہے، صحافی جعلی اور جھوٹی ہمدردی کے بجائے حقائق رپورٹ کریں۔