فواد چودھری کی جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس
01-01-2024
(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کیس کی سماعت کی، فواد چودھری کی جانب سے فیصل چودھری ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کو روکنے کی درخواست دائر کی ہے، الیکشن کمیشن کا توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل خلاف قانون ہے، اس کیس میں جیل ٹرائل کا الیکشن کمیشن کے پاس کوئی اختیار نہیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن جیل ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جیل ٹرائل کی وجہ سے میرے مؤکل کا بھی جیل ٹرائل کیا جا رہا ہے، ہم جیل ٹرائل کیلئے وہاں جاتے ہیں تو باڈی سرچ کرتے ہیں، قلم تک جانے کی اجازت نہیں ہوتی، گزشتہ سماعت پر میری کولیگ سوزین جہان خان ایڈووکیٹ کو جیل انتظامیہ کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی اور خاتون وکیل کو ہراساں کرنے پر جیل انتظامیہ کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔