آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف سڈنی ٹیسٹ کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا

01-01-2024

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کیخلاف سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔

آسٹریلوی سکواڈ کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، سٹیو سمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، لانس مورس، مچل سٹارک، سکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کا 12 سالہ ٹیسٹ کیریئر بھی ہوم گراؤنڈ سڈنی پر اختتام پذیر ہو گا، دونوں ٹیمیں 3 تا 7 جنوری تک تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل آئیں گی، تین میچوں پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو پاکستان کیخلاف 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ سڈنی میں پاکستان ٹیم کو 28 برس سے فتح کا انتظار ہے جبکہ آخری بار 1995ء میں مشتاق احمد کی جادو گری نے سرخرو کرایا تھا، 175 سال پرانے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان کو 8 میں سے 5 میچز میں شکست ہوئی جبکہ 2 میں فتح ملی۔  آخری کامیابی 28 برس قبل 1995ء میں وسیم اکرم کی زیر قیادت ملی تھی جب اعجاز احمد نے سنچری بنائی اور لیگ سپنر مشتاق احمد نے میچ میں 9 وکٹیں لی تھیں، سڈنی میں اولین فتح 1977ء میں مشتاق محمد کی زیر قیادت نصیب ہوئی جب عمران خان  نے دونوں اننگز میں 6، 6 اور میچ میں 12 وکٹیں لی تھیں، آصف اقبال نے سنچری بنائی تھی۔ سڈنی میں گرین کیپس نے اپنا آخری ٹیسٹ 2017ء میں مصباح الحق کی کپتانی میں کھیلا اور 220 رنز سے ناکامی برداشت کی، آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 538 رنز بنائے، یونس خان نے پہلی اننگز میں 175 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسری باری میں سرفراز احمد 72 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔